اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملائیشاء کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو تحفے میں دی گئی گاڑی مشیر تجارت رزاق داود نے وصول کرلی۔
ملائیشن ہائی کمیشن کی جانب سے منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ملائیشیا واحد مسلم ملک ہے جو اپنے ملک میں کاریں تیار کر رہا ہے، امید ہے باہمی تعاون پاکستان میں بھی کار سازی کی صنعت کے فروغ کا باعث بنے گا، ملائشیا اور پاکستان کے درمیان تجارت کو فروغ مل رہا ہے اور امید ہے کہ اس میں مزید اضافہ ہوگا۔
ملائشین ہائی کمشنر اکرام محمد ابراہیم نے کہا کہ یہ گاڑی صرف تحفہ نہیں بلکہ ملائیشیاء کے وزیر اعظم کا پاکستان کے لیے جذبات کا اظہار ہے، آج کی تقریب گاڑی سپرد کرنے کی تقریب نہیں، یہ وزیر اعظم مہاتیر کا وزیر اعظم عمران خان کو تحفہ ہے۔ ملائشین ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 1.1 ارب ڈالر ہے، اس میں اضافے کے لیےکوشاں ہیں۔
واضح رہے ملائشیا کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو تحفہ میں دی جانے والی گاڑی کی قیمت 98 ہزار 400 ملائشین رنگٹ (پاکستانی تقریبا 38 لاکھ) ہے۔