اسلام آباد: (دنیا نیوز) عدالت عالیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ سے منسوب میڈیا پر نشر کی گئی خبر غلط، بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔
ترجمان سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا کہ چیف جسٹس پاکستان نے سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کو عدالتی احکامات کے علاوہ کوئی ہدایت جاری نہیں کی۔ تاثر قائم کیا گیا کہ چیف جسٹس ذاتی طور پر سنگین غداری کیس میں دلچسپی رکھتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں چیف جسٹس کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو سے متعلق خبریں چلائی گئی یہ خبریں بے بنیاد اور غلط ہیں۔ تاثر قائم کیا گیا کہ چیف جسٹس پرویز مشرف سنگین غداری کیس میں ذاتی طور پر دلچسپی رکھتے تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کو عدالتی احکامات کے علاوہ کوئی ہدایت جاری نہیں کی۔
چیف جسٹس سے منسوب خبر سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ چیف جسٹس خصوصی عدالت کی کارروائی پر اثر انداز ہوئے۔ میڈیا رپورٹس میں خبر کے کسی ذریعے یا شناخت کو بھی ظاہر نہیں کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عدالت عظمی ٰ میں پرویز مشرف کیس کی مختلف زاویوں سے سماعت ہوتی رہی ہے اور سپریم کورٹ کے مختلف بنچ اس کیس کو مختلف تناظر میں سنتے رہے اور فیصلے دئیے۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ مشرف غداری کیس ٹرائل بلا تاخیر مکمل کیا جائے۔ ان غلط خبروں پر وضاحت ضروری تھی، امید ہے مستقبل میں درست اور حقائق پر رپورٹنگ کی جائے گی۔