اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ حج 2020ء کے اخراجات گذشتہ برس سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
حافظ عبد الکریم کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں حج 2020ء کی مجوزہ پالیسی اور انتظامات پر سیکرٹری مذہبی امور نے بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال حج اخراجات میں ساٹھ ہزار روپے اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ آئندہ سال سرکاری سکیم کے تحت حج اخراجات 4 لاکھ 89 ہزار روپے ہونا متوقع ہیں جبکہ گذشتہ سال حج اخراجات 4 لاکھ 26 ہزار روپے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے عائد کئے گئے ٹیکسز کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سعودی عرب نے حج اخراجات 24 سو ریال سے 2650 ریال کر دئیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کفایت شعاری سے گذشتہ حج پر 5 ارب 53 کروڑ روپے حاجیوں کو واپس کئے گئے۔ اوسطاً فی حاجی 37 ہزار روپے واپس کئے گئے۔ ستر فیصد حاجیوں کو بچ جانے والی رقم واپس کر دی گئی ہے۔
کمیٹی ممبران نے حج اخراجات میں اضاف پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکیم کے حج اخراجات کم کئے جائیں اور اس اہم معاملے پر سعودی حکومت سے بات چیت کی جائے۔