کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کنٹریکٹ اساتذہ نے مستقل نہ کرنے پر سندھ اسمبلی کے طرف مارچ کیا۔ پولیس نے واٹر کینن اور لاٹھی چارج کرکے کئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔
تفصیل کے مطابق گزشتہ کئی روز سے کراچی پریس کلب پر بیٹھے صوبے بھر کے سکول اساتذہ کا محکمہ تعلیم سے مذاکرات کی ناکامی پر صبر جواب دے گیا۔
اساتذہ کی بڑی تعداد نے مطالبات منوانے کے لیے سندھ اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے کیلئے اس جانب رخ کیا تو راستوں پر کینٹنرز لگا دیئے گئے۔ اساتذہ آگے بڑھے تو پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے ان کیخلاف واٹر کینن اور لاٹھیوں کا بے دریغ استعمال کیا۔
تاہم پولیس تشدد اور روکاوٹیں ہٹا کر اساتذہ سندھ اسمبلی پہنچے اور دھرنا دے دیا۔ اساتذہ کا ساتھ دینے اپوزیشن ارکان بھی میدان میں آ گئے۔ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے سندھ حکومت کے رویے کی مذمت کی۔
پولیس نے 52 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے کر سندھ اسمبلی کے باہر جاری احتجاجی کو ختم کروا دیا لیکن اساتذہ نے واپس پریس کلب پر دھرنا دے دیا۔