اسلام آباد: (دنیا نیوز) فنانشل ایکسن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی طرف سے پاکستان کو 150 سوالات پر مبنی سوال نامہ بھیجا گیا ہے جو پاکستان کو موصول ہو گیا ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سوال نامے میں اہداف کے حصول پر عملدرآمد کی تفصیلات مانگی گئی ہیں، ایف اے ٹی ایف نے پاکستان سے کالعدم تنظیموں سے منسلک افراد کو سزا دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ عالمی ادارے ایف اے ٹی ایف کی طرف سے آئندہ برس فروری تک پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ادارے نے پاکستان کو دہشت گردی کیلئے مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کے مکمل خاتمے کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ذرائع کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی طرف سے پاکستان کو بھیجے گئے سوالنامے میں مدارس سے متعلق کیے گئے قانونی اقدامات کی تفصیلات پوچھی گئی ہیں، کالعدم تنظیموں کےخلاف درج مقدمات کی نقول بھی مانگی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سوالنامہ پاکستان کی 3 دسمبر کوجمع کرائی گئی رپورٹ کےجواب میں بھیجا گیا ہے۔ پاکستان ایف اے ٹی ایف کےسوالات پر جواب 8 جنوری تک جمع کرا سکے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی ’گرے لسٹ‘ سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہے جسے گزشتہ برس منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خاتمے میں غیر مطمئن اقدامات کی وجہ سے شامل کیا گیا تھا۔