اسلام آباد: (دنیا نیوز) رپورٹ میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کو اب تک کے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ایف اے ٹی ایف حکام کو مطمئن کرنے کیلئے متحرک ہو چکا ہے۔ اس سلسلے میں اب تک کے اقدامات پر مفصل رپورٹ تیار کر لی گئی ہے۔ ایف اے ٹی ایف سات دسمبر کو اس رپورٹ کا جائزہ لے گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کو دہشتگردوں کو رقوم، اثاثوں اور زیورات کی منتقلی روکنے کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں تک رقوم پہنچانے کے 700 کیسز کی تحقیقات کرتے ہوئے 190 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ دہشتگردوں تک رقوم منتقل کرنے والے 170 افراد کو گرفتار کر کے کالعدم تنظیموں کی 1000 جائیدادیں ضبط کر دی گئی ہیں۔ ان جائیدادوں میں سے 35 کے مالکان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں جبکہ مزید 150 قیمتی جائیدادوں کی بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حکومت کرنسی سمگلنگ کے خلاف بھی بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔