پشاور: (دنیا نیوز) پشاور سے جماعت اسلامی کے کارکنان اسلام اباد ڈی چوک میں کشمیر مارچ میں شرکت کیلئے روانہ ہو گئے۔ کارکنوں کے مطابق کشمیر ایک عالمی مسئلہ ہے جسے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
ہاتھوں میں کشمیر کا جھنڈا اور زبان پہ نعرہ کشمیر بنے گا پاکستان، جماعت اسلامی کے کارکن اسلام آباد ڈی چوک میں کشمیر مارچ کے لئے پشاور سے روانہ ہو گئے۔ امیر جماعت اسلامی کی کال پر پورے پاکستان سے قافلے اسلام اباد پہنچیں گے۔ ضلعی امیر پشاور جماعت اسلامی کے مطابق ایک سو سینتیس دنوں کے کرفیو میں اس وقت خوراک اور دوائیوں کا مسئلہ سنگین ہو چکا ہے۔
احتجاجی مارچ میں شریک جماعت اسلامی کے کارکنوں کا کہنا تھا کہ کشمیر ایک عالمی مسئلہ ہے اسے اجا گر کرنے کیلئے نکلے ہیں، ایسے مظالم برداشت نہیں کیے جا سکتے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان مختلف قافلوں کی شکل میں پشاور سے اسلام اباد کی جانب روانہ ہوئے جبکہ مردان، چارسدہ، سوات اور دیر سمیت دیگر مقامات سے بھی کارکنان کشمیر مارچ میں شرکت کے لئے اسلام اباد پہنچیں گے۔