کوئٹہ: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر ایشو پر وزیراعظم نے سیاسی قیادت کو اعتماد میں نہیں لیا۔ ملک کی خارجہ پالیسی ناکام ہو چکی ہے۔ کشمیر کے ساتھ غداری کسی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔
عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملکی ناکام خارجہ پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ان اسلامی ممالک کی جانب سے مودی کو اعزازات دینا ہے جو ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوتے تھے۔
سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم نے اب تک مسئلہ کشمیر پر سیاسی قیادت کے ساتھ کوئی ملاقات نہیں کی حالانکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دو بار سیاسی قیادت سے ملاقات کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو سے لوگ بھوکے مر رہے ہیں لیکن پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک خاموش ہیں۔ کشمیر کے لوگ پاکستان کے طرف دیکھ رہے ہیں لیکن حکومت صرف اچھل کود میں لگی ہوئے۔ صرف بیانات دیے جا رہے ہیں عملاً کچھ نہیں کیا جا رہا۔