حکومت سے معاشی حالات سنبھل نہیں پا رہے، لیاقت بلوچ

Last Updated On 17 July,2019 09:17 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی بدترین شرائط پر قرضے لے کر ملک کو معاشی بحران سے دوچار کر دیا گیا۔ حکومت اس بحران سے نکلنے کے لیے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کر رہی۔

مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا سیاسی معاشی بحران بڑھتا جا رہا ہے، معاشی حالات ابتر ہیں، بے روزگاری اور غربت بڑھتی جا رہی ہے اور یہ حالات حکومت سے سنبھل نہیں پا رہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات جوں کے توں ہیں۔ ریکوڈک پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے چھ ارب ڈالر کا جرمانہ عائد ہوا۔ عمران خان کی حکومت نے مختصر وقت میں عوام کی زندگی اجیرن بنا دی۔

چیئرمین سینیٹ کے معاملے پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ جب اجلاس بلایا جائے گا تو جماعت اسلامی اپنا فیصلہ مشاورت سے کرے گی۔ 19جولائی کو راولپنڈی عوامی مارچ میں کوئٹہ کے عوامی مارچ کا اعلان کیا جائے گا۔