مظلوموں سے یکجہتی کا اظہار، کراچی میں جماعت اسلامی کا کشمیر مارچ

Last Updated On 01 September,2019 08:59 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کشمیر مارچ سے خطاب میں کہنا تھا کہ حکمران میر جعفر نہیں ٹیپو سلطان بنیں، ماؤں بہنوں کی عصمت دری پر انتظار نہیں کر سکتے، اب جہادی کشمیر روانہ ہونگے۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی میں جماعت اسلامی کا پاور شو ہوا جس میں شرکت کیلئے شہر بھر سے لاکھوں افراد شاہراہ فیصل پہنچے۔ بارش کے باوجود ریلی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

شرکا سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ مودی حکومت سے حساب لینے کا وقت آ گیا ہے۔ حکومت میر جعفر کی بجائے ٹیپو سلطان کا کردار ادا کرے۔ ماؤں اور بہنوں کی عصمت دری پر انتظار کرنے کی بجائے اب جہادی روانہ ہونگے۔

ریلی سے خطاب میں پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش قبول نہیں، انسانی حقوق کی پامالیوں پر بین الاقومی دنیا کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔

ریلی سے دیگر مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے ہر حد تک جانے کے عزم کا اظہار کیا۔