اسلام آباد: (دنیا نیوز) سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود ایک روزہ دورے پر جمعرات کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ سعودی مہمان اپنے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کیساتھ اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملائیشیا سمٹ میں پاکستان کے شرکت نہ کرنے کے فیصلے کے بعد سعودی وزیر خارجہ کے دورے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات
خیال رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آج سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ساتھ اہم ملاقات کی ہے جس میں دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات کے فروغ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پارلیمانی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اسد قیصر کے ہمراہ پاکستانی وفد میں شامل دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
اہم سعودی شخصیات جن میں وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن عبداللہ، سعودی شوریٰ کے سپیکر ڈاکٹر عبداللہ بن محمد آل شیخ، پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔