اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پی آئی اے کے تمام ملازمین کی اسناد کی تصدیق کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر چیئرمین ایچ ای سی، ایم ڈی پی آئی اے اور اٹارنی جنرل کو طلب کر لیا۔
چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل مدثر حسن رضا نے دلائل دیئے کہ پی آئی اے ملازمین نے آزاد کشمیر کی نجی یونیورسٹی سے تعلیمی اسناد حاصل کیں، ملازمین کبھی یونیورسٹی گئے نہیں لیکن ڈگریاں مل گئیں، ان اسناد کی بنیاد پر محکمانہ پرموشن حاصل کی گئی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ الخیر یونیورسٹی محض دکھاوے کی جامعہ ہے، تعلیمی عمل کے بغیر ڈگریاں فروخت کی گئیں، بظاہر ڈگریوں کے حصول کا عمل غیر قانونی لگتا ہے، پی آئی اے یقینی بنائے ملازمین کی تعلیمی اسناد منظور شدہ تعلیمی اداروں سے ہوں۔ عدالت نے ڈگریوں کی تصدیق کر کے رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی گئی۔