سرینگر: (دنیا نیوز) کشمیری عوام آج یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں، اقوام متحدہ نے 1948 میں کشمیر میں آزادانہ رائے شماری کا وعدہ کیا تھا۔ اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی توثیق بھی کی تھی۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی 71ویں سالگرہ پر پیغام میں کہا کہ بھارتی دہشتگردی کے باعث کشمیری عوام کو ان کاحق نہ مل سکا، 7 دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں انسانی وقار پامال کیا جا رہا ہے۔
وزیرخارجہ نے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل کشمیریوں کوحق خودارادیت دلانےکاوعدہ پورا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیرکی متنازع حیثیت تبدیل کرنا چاہتا ہے، حق خودارادیت پامال کرنے کیلئے آبادیاتی تبدیلی مسترد کی گئی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت میں لگاتار ظلم و ستم غیرمعمولی سطح پر پہنچ چکا، کرفیو لاک پر ہراضافی سیکنڈ دنیا کے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے، عالمی برادری کو انسانی حقوق کی حمایت میں کام کرنا چاہیے، بھارت فیکٹ فائنڈنگ مشن کومقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دے۔
وزیر خارجہ نے عزم دہرایا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔