راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا، گزشتہ 4 دہائیوں سےخطہ مسائل کاسامنا کرتا رہا، پاکستان نے بڑی قربانیوں کے بعد امن حاصل کیا ہے. خطےمیں امن خراب کرنے والے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ایرانی جنرل پر حملے کے بعد خطے کے حالات میں تبدیلی آئی، امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلیفون پر بات کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ حالات بہتر ہونے کے باوجود خطہ ابتری کی طرف جا رہا ہے۔ خطے کے ممالک میں کشیدگی کم ہونی چاہیے، افغان مصالحتی عمل خراب کرنے کی کوشش سے اجتناب کرنا چاہیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر بہت سی افواہیں گردش میں ہیں تاہم پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ خطے میں امن خراب کرنے والے کسی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، پاکستان نے افغان مصالحتی عمل میں بھرپور کردار ادا کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف کے پاکستان سے متعلق بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں، وہ بیانات سے اپنی جگہ بنانا چاہتے ہیں، افواج پاکستان ملک کا دفاع کرنا جانتی ہیں، بھارتی جارحیت پر اس کے 2 طیارے مار گرائے، بھارت کے خلاف پاک فوج نے قابل افواج ہونے کا ثبوت دیا۔