اسلام آباد: (طارق عزیز) مسلم لیگ (ن) فضل الرحمان کو آرمی ایکٹ میں ترمیم کی حمایت کے لئے راضی کرنے میں ناکام ہوگئی، فضل الرحمان نے کہا جے یو آئی اپنا فیصلہ کر چکی ہے جس طرح ن لیگ اپنا فیصلہ واپس نہیں لے سکتی، اس طرح ہم بھی اپنا موقف تبدیل نہیں کر سکتے۔
سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ یہ گلہ ہمیشہ موجود رہے گا کہ آپ نے اتنے اہم فیصلے کے بارے میں اتحادی اپوزیشن جماعت کو اعتماد میں نہیں لیا اور اب فیصلے کے بعد مشاورت کیلئے آئے ہیں، اس لئے میرے پاس معذرت کے سوا کوئی آپشن نہیں۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز رانا تنویر حسین، رانا ثناء اللہ، سردار ایاز صادق اور مرتضیٰ جاوید عباسی پر مشتمل ن لیگ کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور بتایا کہ قائد نواز شریف کی ہدایت پر جے یو آئی کو اعتمادمیں لینے آئے ہیں کہ مسلم لیگ ن نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے۔ فضل الرحمان نے واضح انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی میں مشاورت ہوچکی ہے اور ہم اپنے فیصلے سے قوم کو آگاہ کر چکے ہیں۔