پشاور: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمارے احتجاج نے حکمرانوں کے اکڑ ختم کردی، ان کی کشتی ڈوبنے والی ہے۔ ناجائز حکمرانی نہیں چلنے دیں گے۔
پشاور میں جلسے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے ہر قربانی کے لیے تیار رہنا ہے۔ ہم فتح کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ یہ لوگ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے غدار ہیں۔ غداروں کو پاکستان میں حکمرانی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ دوسروں کے بارے میں کہتے ہیں احتساب کریں گے لیکن جب فارن فنڈنگ کا معاملہ آتا ہے تو خود احتساب سے بھاگتے ہیں۔ بی آر ٹی سے متعلق تحقیقات پر یہ لوگ عدالتوں کے پیچھے چھپتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایشیائی ڈویلپمنٹ بینک سے ہم ایمرجنسی قرض لے رہے ہیں۔ بحرانی قرضوں کا نتیجہ کیا نکلے گا؟۔ کشمیر کو انہوں نے بیچ دیا ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی ناکام ہو چکی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں موجودہ حکومت نے ایک سال میں سب سے زیادہ قرضے لیے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی کشتی ڈوبنے والی ہے۔ ہمارے احتجاج سے حکمرانوں کی اکڑ ختم ہو گئی ہے۔ ملک سے ان قبضہ گروپوں کا قبضہ ختم کریں گے۔ ملک میں ناجائز حکمرانی چلنے نہیں دیں گے۔ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ ناجائز حکومت کو تسلیم نہیں کرتے۔ ہم اسے گھر بھیجنے تک لڑتے رہیں گے۔