اسلام آباد: ( دنیا نیوز) اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے لئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے تمام اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے رابطے مکمل کر لئے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے پیپلز پارٹی، ن لیگ، اے این پی، قومی وطن پارٹی، نیشنل پارٹی، جے یو پی، جمعیت اہلحدیث، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کی قیادت کو دعوت دے دی، آل پارٹیز کانفرنس کل منگل کو اسلام آباد میں ہوگی۔
کانفرنس کے انتظامات کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اے پی سی میں شرکت سے معذرت کرلی۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاہم انہوں نے طبیعت ناسازی کی وجہ سے شرکت سے معذرت کی، مریم نواز بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہیں شوگر کی تکلیف بھی بڑھ گئی جس پر ڈاکٹروں نے انہیں بیڈ ریسٹ کا مشورہ دیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے اے پی سی میں شرکت کے لئے 4 رکنی اعلیٰ سطح کا وفد تشکیل دیا ہے، وفد میں سینیٹر راجہ ظفر الحق، سابق وزیر داخلہ احسن اقبال، سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور امیر مقام شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے ن لیگ نے اعلیٰ سطح کا وفد تشکیل دیا ہے جو اے پی سی میں شرکت کرے گا۔