کوئٹہ: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں حکمرانی کا حق ووٹ کی طاقت سے آنے والوں کو ہے۔ بیرونی بالادستی اور سازشوں کو نہیں مانتے اور نہ ہی عوامی مفادات پر سمجھوتہ کریں گے۔
یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام ہونے والے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم آزادی کی نہر سے پانی پینے والے ہیں، اس کی قدر سے خوب واقف ہیں۔ ہم آئین کا احترام کرتے ہیں۔ ہمیں بازاری حکمران قبول نہیں ہیں۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ہم چوری کا نہیں بلکہ پاکستان میں مستحکم جمہوری نظام چاہتے ہیں۔ اداروں سے تصادم نہیں چاہتے مگر ادارے بھی آئینی دائرہ کار میں رہ کر کام کریں۔ ہماری غیرت ناجائز حکومت کو نہیں مانتی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کی وفاداریاں خرید کرانہیں اسممبلیوں میں لایا جاتا ہے جو سراسر غلط ہے۔ ہمیں بیرونی امداد نہیں چاہیے، بس اپنے وطن کے وسائل ہر حق تسلیم کیا جائے۔
اس موقع پر جمیعت علمائے کے سینیٹر مولاناعبدالغفور حیدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہ کرنے والوں کو حکمرانی کا حق نہیں ہے۔ ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لئے قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔