کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ پر گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول موٹر سائیکل بم دھماکے میں دو شہری جاں بحق جبکہ 2 اہلکاروں سمیت 18 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ کی اہم تجارتی شاہراہ میکانگی روڈ پر امن دشمنوں نے سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل کو اس وقت ریموٹ کنٹرول سے اڑا دیا جب فورسز کی گاڑی وہاں آ کر رکی، زخمیوں میں سیکورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔
دھماکا اس قدر زوردار تھا کہ آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے سے فورسز کی گاڑی، متعدد موٹر سائیکلوں اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دھماکے کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔ امدادی ٹیموں اور ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے سول ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ضیا لانگو کا کہنا تھا کہ دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے۔
پولیس کے مطابق دہشتگردی میں 7 سے 8 کلو دھماکا خیز مواد استعمال ہوا۔ سی ٹی ڈی کے عملے نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اورٖ غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔