کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ ہونے والے دہشتگردی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پرگہرے دکھ اورٖ غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے دہشتگردی واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
خیال رہے کہ کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بم دھماکے میں دو افراد جاں بحق جبکہ سیکورٹی اہلکاروں سمیت 18 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے فوری طور پر بم دھماکے کی رپورٹ طلب کی اور کہا کہ بزدل دہشتگرد ایک مرتبہ پھر شہر اور صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، دیرپا امن کے قیام کو ہر صورت یقینی بناتے ہوئے معصوم اور بے گناہ شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ شہر میں سیکیورٹی کے اقدامات کو مزید موثر اور سخت بنایا جائے تاکہ دہشتگردوں کو دوبارہ سے سر اٹھانے کا موقع نہ ملے۔