وزیراعظم عمران خان یوٹیلٹی سٹورز کا دورہ، اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا

Last Updated On 09 January,2020 10:32 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا یوٹیلٹی سٹورز کے دورے کے موقع پر کہنا تھا کہ مہنگائی کے دور میں عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔ عوام کو مشکل وقت میں سستی اشیا دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور دیگر حکام کے ہمراہ اسلام آباد میں یوٹیلٹی سٹورز کا دورہ کیا اور وہاں موجود اشیائے خورونوش کی فراہمی اور ان کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔
 

اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے خوشی ہے آٹا 800 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، کوشش کریں گے کہ اس کی موجودہ قیمت کو نیچے لائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو مشکل وقت میں یوٹیلٹی سٹورز پر سستی اشیا دیں گے جبکہ آنے والے دنوں میں غریب لوگوں کو راشن کارڈ بھی جاری کیے جائیں گے۔ غریب آدمی کو راشن کارڈ کے ذریعے تین ہزار کی مفت اشیا ملیں گی۔ کوشش ہے کہ دالیں ہمیں امپورٹ نہ کرنی پڑیں۔

 

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے دور میں عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔ سستی اور معیاری اشیا کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ 2020ء میں گروتھ ریٹ کو بڑھائیں گے اور لوگوں کو روزگار دیں گے۔