اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آرمی چیف کی تقرری کو وزیراعظم کا صوابدیدی اختیار قرار دے دیا۔ پارلیمانی پارٹی نے پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیر اعظم کا اختیار پارلیمنٹ سے مشروط کرنے کی تجویز مسترد کر دی۔
وزیر قانون فروغ نسیم نے اجلاس میں کہا کہ وزیراعظم کے اختیار کو پارلیمنٹ سے مشروط کرنا مناسب نہیں، آرمی چیف کی تقرری وزیراعظم کا صوابدیدی اختیار ہونا چاہیے، مسلح ا فواج سے متعلق ترمیمی بل پر اپوزیشن کو بھرپور موقع دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ارکان کی جانب سے ایک بار پھر ترقیاتی فنڈز کا بھی مطالبہ کیا گیا جبکہ وفاقی وزیر فواد چودھری کی جانب سے ایم این ایز کو ترقیاتی فنڈز دینے کی مخالفت کی گئی۔ فواد چودھری کی مخالفت پر تمام ارکان پھٹ پڑے اور کہا فواد چودھری صاحب آپ نے خود تو منظور کروا لئے ہیں، ہم ووٹرز کو کیا منہ دکھائیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ احساس پروگرام کو بھی ترقیاتی فنڈ ہی سمجھیں، پروگرام کے تحت عوام کی خدمت کریں، دعائیں اور ووٹ دونوں ملیں گے، احساس پروگرام اور صحت کارڈ سے آپ لوگوں کے تحفظات دور ہو جائیں گے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر مسلح افواج سے متعلق ترمیمی بل کی منظوری دی گئی۔