اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے امریکی یونیورسٹی کے طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آر ایس ایس نظریات کی حامل مودی حکومت نے علاقائی امن کو شدید خطرات میں ڈال دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ورجینیا یونیورسٹی کے طلبہ وفد نے ملاقات کی جس میں مختلف موضاعات پر ان سے سوالات کیے گئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی آر ایس ایس نظریے پر مبنی پالیسیوں سے علاقائی امن کو شدید خطرات ہیں۔ مودی کی فسطائی پالیسیوں سے خود بھارتی عوام کی شناخت خطرے میں پڑ گئی ہے۔ بھارت میں مقیم 500 ملین اقلیتوں کے تشخص اور وجود کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔
عمران خان کا مقبوضہ کشمیر میں 150 دنوں سے زائد جاری کرفیو کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کشمیر میں ظلم وستم نے بھارت کے جمہوری دعوؤں کا پول کھول دیا ہے۔
انہوں نے وفد کی جانب سے متعدد سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نوازا ہے، تاہم بدقسمتی سے معاشرتی کرپشن کے باعث ملکی ترقی کا عمل جمود کا شکار ہوا۔ 60ء کی دہائی میں پاکستان جنوبی ایشیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرنیوالا ملک تھا۔ 70، اور 80ء کی دہائیوں کے سیاسی فلسفوں کی وجہ سے صنعتی عمل جمود کا شکار ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی میں انسانی وسائل کا فروغ اور ہیومن ڈویلپمنٹ کی اہمیت مسلم ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے انسانی وسائل کے فروغ کو یکسر نظر انداز کیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کے ساتھ تعلیمی نظام کو بہتر کرنا بھی بڑا چیلنج ہے۔ مختلف نظام تعلیم ملک میں انسانی وسائل کے فروغ اور ترقی کی راہ میں چیلنج ہے۔ بہتر پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بچوں کیساتھ زیادتی اورطلبہ میں منشیات کا استعمال ہماری نسلیں تباہ کررہا ہے:وزیراعظم