وزیراعظم اور وزیر خارجہ کی ملاقات، ایران امریکا تنازع سے پیدا صورتحال پر غور

Last Updated On 06 January,2020 05:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اہم ملاقات کی جس میں ایران امریکا تنازع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازعے سے پیدا صورت حال پر بھی غور کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کو عالمی سطح پر اہم رابطوں سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان کے موقف کا بھی جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، پاکستان نے سفارتی محاذ سنبھال لیا، وزیر خارجہ کے رابطے شروع

خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز ایرانی، سعودی، اماراتی اور ترک ہم منصب کو ٹیلی فون کرکے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں خطے میں امن وامان کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے ترک ہم منصب میولود چاوش اولو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین خطے میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شيخ عبداللہ بن زاید النہیان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں جنرل سلیمانی کے قتل کے بعد کی صورتحال پر بات چت کی گئی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تمام دوست ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ رابطے میں واضح کیا کہ پاکستان کسی علاقائی تصادم کا حصہ بھی نہیں بنے گا اور اپنی سرزمین کسی ریاست کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔

شاہ محمود قریشی نے موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تصادم سے بچاؤ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ تناؤ کے خاتمے کے لیے فریقین زیادہ سے زیادہ گریز کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ فریقین اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی اصولوں کی پاسداری کریں۔

وزیر خارجہ نے افغان امن عمل پر بھی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی ختم کرانے کے لیے کردار ادا کرے گا۔
 

Advertisement