لاہور: (دنیا نیوز) تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ کل ووٹ کو عزت دو کی بات کرنیوالوں کو آرمی ایکٹ میں ترمیم کا کہا جائے تو وہ سر کے بل کھڑے ہو کر یہ بل پاس کر دیں گے۔
پروگرام تھنک ٹینک میں میزبان سیدہ عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری پارلیمنٹ سے امریکی حملے اور جنرل قاسم سلیمانی کے قتل پر ایک لفظ بھی نہیں نکلا جبکہ وزیر اعظم عمران خان بھی معاملے پر خاموش ہیں۔
روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر، تجزیہ کار سلمان غنی نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے یکجہتی دکھانی چاہیے۔ آرمی ایکٹ میں ترمیم کا معاملہ 15 جنوری تک جانے کا امکان ہے۔
ماہر سیاسیات، تجزیہ کار حسن عسکری نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں اینٹی امریکا رجحانات مضبوط ہونگے، ایران کی جانب سے خطے میں کوئی اقدام ضرور کیا جائے گا چاہے اب ہو یا ایک ماہ بعد ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایران بھی جنگ نہیں چاہتا اور امریکا بھی جانتا ہے کہ یہ خطہ ایک بڑی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ایرانی وزیر خارجہ سے بات کرنا اچھا اقدام ہے۔
اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیوروچیف خاور گھمن نے کہا کہ میرے خیال میں آنے والے دنوں میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آنیوالی، معاملات اسی طرح چلتے رہیں گے، سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ کو عزت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کوئی تجویز دینے کے بجائے کہہ رہے ہیں کہ بل 2 دن میں پاس کیا جانا چاہئے یا 3 دن میں پاس ہو جبکہ جے یو آئی اور جماعت اسلامی کو 2 چار سیٹیں مل جائیں تو ان کا بیانیہ بھی تبدیل ہو جائے گا۔