ایرانی کمانڈر کے قتل پر پاکستان کو زیادہ فعال کردار ادا کرنا چاہیے، راجا ظفرالحق

Last Updated On 06 January,2020 05:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر راجا ظفر الحق نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے معاملے پر اقوام متحدہ کمزور ہو چکی ہے۔ جنرل قاسم سیلمانی کے قتل پر پاکستان کو زیادہ فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

راجا ظفر الحق کا کہنا تھا کہ انتہائی نازک مسئلے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایوان کو بریف کیا۔ خطے کے اندر ایسی ڈویلپمنٹ ہو رہی تھی جس سے معلوم ہو رہا تھا کہ کچھ ہونے والا ہے۔

ن لیگی سینیٹر نے عالمی اداروں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا امریکا اور ایران کے معاملے پر اقوام متحدہ کمزور ہو چکی ہے جبکہ کشمیر مسئلے پر بھی کوئی موثر کردار ادا نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل سمیت مغربی ممالک نے امریکی حملے کی حمایت کی، افسوس کی بات یہ ہے کہ اقوام متحدہ کمزور ہو چکی ہے، بڑی قوموں کا مفاد ہو تو یو این فوری حرکت میں آ جاتا ہے۔
 

Advertisement