ایران امریکا کشیدگی، فی تولہ سونے کی قیمت میں 2600 روپے کا اضافہ

Last Updated On 06 January,2020 10:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد تہران اور واشنگٹن میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی منڈی میں ہچل مچا دی ہے، اس ہلچل کے باعث سونے کی قیمت کو پر لگ گئے ہیں۔ فی تولہ سونے کی قیمت میں 2600 روپے اضافہ دیکھا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایران اور امریکا کی بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث بین الاقوامی مارکیٹ میں ہلچل مچی ہوئی ہے، اس ہلچل کے باعث ملکی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں تیزی سے بڑھتی جا رہی ہیں۔ آج رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2600 روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد سونا ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، نوشہرہ سمیت دیگر جگہوں پر سونے کی نئی قیمت 90 ہزار 800 روپے سے بڑھ کر 93400 روپے ہو گئی ہے۔

دوسری طرف فی تولہ سونے کی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی زبردست اضافہ دیکھا گیا، 10 گرام سونے کی قیمت 2340 روپے کے اضافے کے بعد 80075 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کی بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سونے کی قیمتیں میں تیزی سے دیکھا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی منڈی میں چڑھتے دام دیکھ کر مقامی مارکیٹ میں انویسٹرز کی دلچسپی سونے میں بڑھ رہی ہے دوسری طرف شادی سیزن میں زیورات کی قیمتوں میں اضافہ لڑکے والوں کے لیے بری اور منہ دکھائی کا بجٹ آوٹ کر رہا ہے ۔
 

Advertisement