ایک اور سرحد پر جنگ پاکستان کیلئے خطرناک ثابت ہوگی، بلاول بھٹو زرداری

Last Updated On 06 January,2020 10:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خطے میں بہت خطرناک صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ ایک اور سرحد پر جنگ پاکستان کیلئے خطرناک ثابت ہوگی۔

بلاول بھٹو کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ آرمی ایکٹ کے رولز اینڈ ریگولیشن کو فالو کرنا چاہیے۔ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ بل پاس کرکے پارلیمنٹ کی اہمیت کم کی گئی۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمان کواہمیت دی جائے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد ہو اور آرمی ایکٹ کا نیا قانون جمہوری طریقے سے پاس ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا جمہوری طریقہ نہ اپنایا گیا تو حکومت پر سوال اٹھیں گے۔ ہم نے ن لیگ سے رابطہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر جلد جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تینوں ترامیم کی تجاویز کمیٹی اور قومی اسمبلی میں پیش کی گئیں۔ لگتا ہے حکومت اپوزیشن کے ساتھ گیم کھیل رہی ہے۔ نوٹیفکیشن کے وقت جو ایشوز آئے وہ حکومتی جلد بازی سے پیش آئے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ قانون سازی مخصوص نہیں بلکہ لمبے عرصے کیلئے ہوتی ہے۔ چاہتے ہیں جو غلطی نوٹیفکیشن کے وقت ہوئی وہ اب نہ ہو۔ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی دوسری جماعتوں سے رابطہ کرے گی۔
 

Advertisement