اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد ملک میں بدامنی پیدا کرنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں۔ قوم ان ناپاک سازشوں کے خلاف متحد ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دھماکے کے شہدا کے بلندی درجات اور اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا۔ صدر نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد ملک میں بدامنی پیدا کرنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں۔ قوم ان ناپاک سازشوں کے خلاف متحد ہے۔
سپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث منصوبہ سازوں کو قانون کی گرفت میں لایا جاٸے۔ دھماکا ملک کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے۔ دہشتگردوں کو دوبارہ سے سر اٹھانے کا موقع نہ دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں دہشتگرد حملے میں ڈی ایس پی امان اللہ اور دیگر کی شہادت پر افسوس ہوا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ شہادتیں راہیگاں نہیں جائیں گی۔