کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں رات گئے المناک واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی، جاں بحق ہونے والے مزید 2 بچوں کی شناخت معاویہ اور ارسلان کے نام سے کرلی گئی۔
نارتھ کراچی میں خوفناک واقعہ رات گئے اس وقت پیش آیا جب سرجانی ٹاؤن کے دو سگے بھائی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شادی کی تقریب سے واپس گھر جا رہے تھے۔ ہائی روف کی تاروں میں شارٹ سرکٹ کے باعث گاڑی میں آگ لگی۔
شعلوں میں لپٹی وین رکشے سے جا ٹکرائی جس کے بعد ایک قیامت صغری برپا ہوگئی۔ آگ نے ہائی روف میں سوار افراد کو چشم ذدن میں جلا کر بھسم کر دیا۔ ہائی روف میں 6 افراد سوار تھے جبکہ رکشے میں 5 مسافر بیٹھے ہوئے تھے۔
حادثے میں زخمی بچوں کو این آئی سی ایچ جبکہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق تمام افراد کی موت جھلسنے کے سبب ہوئی، حادثے کی مزید چانچ پڑتال کیلئے بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی طلب کیا گیا۔
بم ڈسپوزل سکواڈ کا کہنا ہے کہ حادثے کی جگہ سے کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا ایک اور بچہ دم توڑ گیا ہے، بچے کی شناخت معاویہ کے نام سے کرلی گئی۔