سکھر: (دنیا نیوز) سکھر میں عمارت گرنے کے بعد ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ واقعے میں چھ افراد جاں بحق جبکہ سترہ زخمی ہو گئے۔ حادثے کے اکیس گھنٹے بعد ایک بچی کو بھی زندہ نکال لیا گیا ہے۔ امدادی سرگرمیوں میں پاک فوج کے جوان اور رینجرز اہلکار بھی شریک ہیں۔
سکھر میں جمعرات کو سٹیشن روڈ پر زوردار دھماکے سے تین منزلہ عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی تھی۔ ریسکیو آپریشن میں پاک فوج، رینجرز، پولیس، ایدھی اور دیگر اداروں کے رضاکار حصہ لے رہے ہیں۔
بھاری مشنیری کے ساتھ ملبہ ہٹانے اور پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے جبکہ سراغ رساں کتوں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔
اکیس گھنٹے بعد ایک بچی کو زندہ نکال لیا گیا، جسے طبی امداد کیلئے سول ہسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔ اس موقع پر روح پرور منظر دیکھنے کو ملے۔ بچی زندہ ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعرے بلند کرنا شروع کر دیے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہر کی مخدوش عمارتوں کے حوالے سے نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔ انتظامیہ کے مطابق عمارت میں چار سگے بھائیوں کے خاندان رہائش پذیر تھے۔ افسوسناک واقعے کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے۔