کراچی: (دنیا نیوز) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ظفر احسن کا کہنا ہے کہ پانچ سال قبل اولڈ ٹمبر مارکیٹ میں آتشزدگی سے متاثرہ رمضان ہائیٹس کو جزوی مخدوش قرار دینے کے باوجود اقدامات نہ کرنے کے باعث حادثہ پیش آیا۔
تفصیل کے مطابق کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن میں چھ منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہونے کے واقعہ میں عمارت کا مالک کو ذمہ دار قرار دیدیا گیا ہے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ظفر احسن کا کہنا ہے کہ پانچ سال قبل اولڈ ٹمبر مارکیٹ میں تیسرے درجے کی خطرناک آگ سے رمضان ہائیٹس نامی عمارت بھی متاثر ہوئی تھی، جسے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے مخدوش قرار دیتے ہوئے فوری خالی کرنے اور عمارت کی بہتری کیلئے اقدامات کی ہدایت کی تھی۔
حکام کے مطابق 5 سال قبل اشتہارات کے ذریعے بھی خبردار کیا گیا، مگر عمارت کے مالک اور رہائشیوں نے ہدایات کو نظر انداز کر دیا۔ آتشزدگی سے متاثرہ ٹمبر مارکیٹ اور ملحقہ عمارتوں کی بحالی کیلئے چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کی جانب سے دی گئی امدادی رقم بھی استعمال نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ حادثہ کے ذمہ دار بلڈنگ مالک کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔