سکھر: (دنیا نیوز) سکھر میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے بچی جاں بحق، خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی گئی ہے، لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سکھراور گردونواح میں گذشتہ روز سے جاری بارشوں کے باعث سکھر کے علاقے نیو پنڈ میں رشید شیخ نامی شخص کے کرائے کے مکان کی چھت اچانک دھماکے سے مکینوں پر آگری جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع پر پولیس، ایدھی اور دیگر اداروں کی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور انہوں نے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر فوری طور پر شہر کے ہسپتالوں میں پہنچایا جہاں پر زخمیوں میں شامل ایک چار سالہ بچی علیشا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
چھت گرنے کے باعث گھر میں رکھا ہوا ہزاروں روپے مالیت کا سامان بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا، زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جن میں نازیہ، عبدالحمید، عبدالمجید، راشد، زوہیب حسن، ماجد علی،عبدالرشید شیخ و دیگر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سکھر میں گذشتہ ایک سے ڈیڑھ ماہ کے دوران عمارت اور چھتیں گرنے کا یہ چوتھا واقعہ ہے جن میں چودہ افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔