بچی اغوا کیس: سرفراز بگٹی کی ضمانت منسوخ، پولیس نے گرفتار کرلیا

Last Updated On 16 January,2020 03:38 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ کی عدالت سے بچی کو زبردستی ساتھ لے جانے کے مقدمے میں نامزد سینیٹر سرفراز بگٹی کو ضمانت منسوخ ہونے پر پولیس نے گرفتار کر لیا۔

 ایڈیشنل سیشن جج 9 کی عدالت میں بچی حوالگی کیس کی سماعت ہوئی۔ مقدمے میں بچی کے اغواء میں والد کی معاونت کرنے پر نامزد سینیٹر سرفراز بگٹی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سینیٹر سرفراز بگٹی کی ضمانت منسوخ کر کے گرفتاری کے احکامات جاری کئے جس پر پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے سرفراز بگٹی کو حصار میں لیکر بجلی روڈ تھانے منتقل کر دیا۔

10 سالہ بچی کو والد عدالت سے ملاقات کے بہانے اپنے ساتھ لے گیا تھا جس پر اہل خانہ نے مقدمہ درج کرایا تھا۔ ایف آئی آر میں سینیٹر سرفراز بگٹی اور بچی کے والد توکلی بگٹی کو نامزد کیا گیا تھا۔