اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے کی سزا، 318 اراکین اسمبلی وسینیٹ کی رکنیت معطل

Last Updated On 16 January,2020 05:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے کل تین سو اٹھاہ اراکین کی رکنیت معطل کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جن اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے ان میں وفاقی وزیر فواد چودھری، فروغ نسیم، نورالحق قادری اور طارق بشیر چیمہ بھی شامل ہیں۔ معطل شدہ پارلیمنٹرینز اسمبلی اجلاس اور قانون سازی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 70 اور سینیٹ کے 12 اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔ گوشوارے جمع نہ کروانے پر پنجاب اسمبلی کے 115، سندھ اسمبلی 40، خیبر پختونخوا اسمبلی 60 اور بلوچستان اسمبلی کے 21 ممبران کی رکنیت بھی معطل کر دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے فیصلے سے پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے سیکرٹریز کو آگاہ کر دیا ہے۔

رکنیت معطل ہونے والوں میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی، عامر کیانی، فرخ حبیب، راجا ریاض، عامر لیاقت حسین، عالمگیرخان، عبدالقادر پٹیل اور برجیس طاہر بھی شامل ہیں۔