ملکی حدود میں دو مسافر طیارے خوفناک حادثہ سے بال بال بچ گئے

Last Updated On 18 January,2020 04:40 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستانی حدود میں دو مسافر طیارے خوفناک حادثہ سے بال بال بچ گئے۔ ڈیوٹی پرموجود ائیر ٹریفک کنٹرولر کو معطل کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق ائیرٹریفک کنٹرولر کی مبینہ غفلت کے باعث بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا، پی آئی اے اور غیرملکی ائیرلائن کے طیارے آمنے سامنے آگئے، پائلٹس نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں طیاروں کو حادثہ سے بچایا۔

پی آئی اے کی پرواز اسلا م آباد سے کرا چی آ رہی تھی۔ ایمریٹس ائیر لائن کی پرواز دہلی ریجن سے ہوتی ہوئی نواب شاہ سے گزر رہی تھی۔ قومی پروازلینڈ نگ کیلئے بلندی سے نیچے آرہی تھی۔

ذرائع کے مطابق طیارہ 35 ہزار فٹ بلندی پر تھا، غیرملکی ائیرلائن کی پرواز 40 فٹ بلندی پرتھی، فاصلہ 5 میل سے کم رہ گیا تھا۔ پی آئی اے کپتان اپنے جہاز کو تیزی سےنیچے کی طرف لے گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرا کپتان اپنے طیارے کو تیزی سے چار ہزار فٹ بلندی پر لے گیا، سول ایوی ایشن نے واقعہ کا نوٹس لیکر ڈیوٹی پرموجود ائیر ٹریفک کنٹرولر کو معطل کر دیا۔ تینوں اے ٹی سی کو بھی ڈیوٹی سے ہٹا کر تحقیقات شروع کر دی۔