اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت نےگندم پیدا کرنے والے ملک کو گندم درآمد کرنے والا ملک بنادیا۔
ملک بھر میں بڑھتی ہوئی آٹے کی قیمتوں کے بعد رد عمل دیتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے گندم کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے 40 ہزارمیٹرک ٹن گندم افغانستان بھیج کر بحران جان بوجھ کر پیدا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مخصوص دوستوں کو نوازنے کے لئے آٹے کا بحران پیدا کیا، حکومت کے گودام آٹے سے بھرے ہوئے ہیں مگر عام آدمی کو سپلائی نہیں دی جارہی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے نوٹس لینے سے کام نہیں چلے گا، سلیکٹڈ وزیراعظم ناکام ہوچکا ہے، خیبرپختونخوا کو آٹے کی سپلائی پانچ دنوں سے بند ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر عوام کو فائن آٹا نہ کھانے کے مشورے دے رہے ہیں، ایک ہفتے میں دوسری بار آٹا مہنگا ہوا یہ حکومت کی مکمل ناکامی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں تاریخ کی مہنگی قیمتوں پرآٹا فروخت ہورہا ہے،کوئی پوچھنے والا نہیں۔