اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) ترکی میں غیر قانونی مقیم 41 پاکستانیوں کو ملک بدر کر دیا گیا ہے۔
غیر قانونی مقیم پاکستانیون کو ترکش ایئر لائن کے ذریعے اسلام آباد منتقل کیا گیا۔ غیر قانونی مقیم پاکستانیوں کو ایف آئی اے نے سیل منتقل کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
ادھر ملائیشیا میں پاکستان کی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ نے کہا ہے کہ ملائیشیا کی حکومت کی جانب سے ایمنسٹی سکیم کے تحت 8 ہزار 284 غیر قانونی پاکستانی تارکین وطن کو ملک واپس بھیج دیا گیا ہے۔
ملائیشیا کی حکومت نے گزشتہ سال اگست میں “ بیک فار گڈ” کے نام سے ایمنسٹی سکیم کا اعلان کیا تھا۔ یہ سکیم 31 دسمبر 2019ء کو ختم ہو گئی ہے۔
آمنہ بلوچ نے کہا کہ سکیم کے تحت رضاکارانہ طور پر اپنے ممالک جانے والے غیر قانونی تارکین وطن کو جرمانوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا۔ دسمبر میں 2509، نومبر میں 1404، اکتوبر میں 1275، ستمبر میں 1216 اور اگست میں 1880 پاکستانی تارکین وطن کی واپسی کو یقینی بنایا گیا۔
سکیم کے تحت ہر غیر قانونی تارکین وطن کو آؤٹ پاس کے طور پر 700 رنگٹ کی ادائیگی کرنی تھی تاہم پاکستانی ہائی کمیشن اور ملائیشیا کے مخیر حضرات کے تعاون سے آؤٹ پاس کی رقوم فراہم کی گئیں۔ 1480 غیر قانونی تارکین وطن پاکستانیوں کو ہائی کمیشن نے عمومی ایمرجنسی پاسپورٹ جاری کئے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس وقت ملائیشیا میں 82 ہزار کے قریب پاکستانی مقیم ہیں، اس وقت بھی مخصوص تعداد میں غیر قانونی پاکستانی تارکین وطن رہ رہے ہیں۔ افرادی قوت کی فراہمی کیلئے ملائیشیا کے حکام کے ساتھ قریبی رابطہ ہے۔