اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں ایک اور پیشرفت، برطانوی حکومت نے ایف آئی اے خط کا جواب دے دیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جاری کیس میں گواہان کے بیانات قلمبند کروانے کا عمل جاری ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے برطانوی گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے کا خط لکھا گیا جس پر برطانوی حکومت نے جواب دے دیا ہے۔
جوابی خط میں کہا گیا یے برطانوی گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے انتظامات مکمل ہیں، تین فروری سے سات فروری تک ہینڈن مجسٹریٹ کورٹ لندن میں ویڈیو لنک سے گواہوں کے بیانات قلمبند کئے جائیں، پاکستانی وقت کے مطابق دن 2 بجے بیان قلمبند کئے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا ایف آئی اے نے گواہوں کی فہرست تبدیل کر دی ہے، 33 کی بجائے 17 برطانوی گواہوں کے بیان ریکارڈ کرائے جائیں گے، ویڈیو لنک پر مقتول ڈاکڑ عمران فاروق کی اہلیہ کا بیان بھی قلمبند کیا جائے گا، اس حوالے سے انسداد دہشتگردی عدالت میں ویڈیو لنک کے انتظامات کئے جائیں گے۔