اسلام آباد: (دنیا نیوز) گندم بحران کے اسباب جاننے کیلئے ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی، سپیشل ٹیم بحران میں ملوث مافیا اور ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے خصوصی ٹیم کے سربراہ مقرر جبکہ 2 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور دیگر عملہ بھی ٹیم کا حصہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق خصوصی ٹیم گندم اور آٹے کے بحران میں ملوث مافیا اور ذمہ داروں کی نشاندہی کرے گی، بحران میں ملوث سرکاری ملازمین اور حکومتی شخصیات بھی بے نقاب ہوں گی۔
فلور ملز مالکان نے کتنی گندم خریدی، کتنا آٹا بنایا، گندم کی مجموعی پیداوار کتنی ہوئی، اوپن مارکیٹ سے گندم کن کن افراد نے خریدی، تمام معاملات کی رپورٹ تیار کر کے اعلیٰ حکام کو بھجوائی جائے گی۔ ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم رپورٹ میں گندم اور آٹے کے بحران پر فوری قابو پانے کے لیے تجاویز بھی دے گی۔