لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزرا میاں اسلم اقبال، فیاض الحسن چوہان اور سمیع اللہ چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران نہیں، چکی مالکان کو سبسڈائزڈ گندم دے کر اس کی قیمت بیالیس سے پینتالیس روپے کلو کر دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے بلاول بھٹو، سندھ حکومت اور شہباز شریف پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ بلاول نے سیاست کی کوشش کی جبکہ شہباز شریف لندن بیٹھ کر کہتے ہیں کوئی معجزہ ہی بچا سکتا ہے۔ دونوں کی نااہلی کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے اپنے دور میں سوا 9 ارب کی سبسڈی دی، ہم نے سوا 700 کروڑ روپے بچائے۔ فلور ملز والے کوٹہ لے کر گندم باہر بھیجتے ہیں، مافیا کے خلاف جنگ لڑیں گے۔
وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری نے اپوزیشن کو مناظرے کا چیلنج دے دیا اور کہا کہ عمران خان اور عثمان بزدار کے خلاف منصوبہ بندی کے ساتھ پروپیگنڈا کیا گیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ صوبے میں کوئی فاروڈ بلاک نہیں بنا، جن ارکان کے نام سامنے آ رہے ہیں وہ عمران خان اور بزدار کا ویژن زیادہ جذبے سے پھیلانا چاہتے ہیں۔
ادھر لاہور میں آٹا چکی مالکان نے قیمتوں میں کمی کر دی ہے۔ آٹا دو روپے سستا کرکے اس کی قیمت 68 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے۔ لاہور آٹا چکی مالکان ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حالیہ بحران کے باعث جذبہ خیر سگالی کے تحت قیمتوں میں کمی کر رہے ہیں۔