لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے نواز شریف کی جانب سے فراہم کردہ میڈیکل رپورٹس کو ناکافی قرار دیتے ہوئے شریف خاندان کو سابق وزیراعظم کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس 3 روز میں جمع کرانے کی حتمی مہلت دے دی۔
مکمل دستاویزات کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت نے نواز شریف فیملی کو خط ارسال کر دیا۔ نواز شریف کو بھیجے گئے خط کے مطابق پنجاب حکومت سابق وزیر اعظم کی فراہم کر دہ میڈیکل رپورٹس پر ان کے بیرون ملک قیام میں توسیع کا فیصلہ کرے گی، نواز شریف کی 23 دسمبر2019ء کی میڈیکل رپورٹس پروفیسرمحمود ایاز کی سربراہی میں قائم میڈیکل بورڈ کو بھجوائی گئیں جس نے فراہم کردہ دستاویزات کو ناکافی قرار دیا۔
میڈیکل بورڈ کے مطابق میڈیکل رپورٹس صرف عارضہ قلب سے متعلق ہیں، گردوں اور پلیٹ لیٹس کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا جائے۔ پنجاب حکومت کے مطابق نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کو بھی 6 جنوری کو رپورٹس فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی مگر انہوں نے نواز شریف اور ان کے معالج سے براہ راست رابطہ کرنے کا کہا۔
پنجاب حکومت نے شریف فیملی کو خبردار کیا ہے کہ رپورٹس فراہم نہ کرنے کی صورت میں موجودہ حالات اور حقائق کی روشنی میں حکومت اپنا فیصلہ کر دے گی۔