اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو بی آر ٹی کی تحقیقات سے روک دیا۔ عدالت نے بی آر ٹی منصوبے کی مجموعی لاگت اور تکمیل کی تفصیلات طلب کر لیں۔
سپریم کورٹ میں بی آر ٹی منصوبے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ وکیل صوبائی حکومت نے کہا بی آر ٹی منصوبے پر 2018 میں کام شروع ہوا، بی آر ٹی کا ڈیزائن بھی کئی بار تبدیل ہوا، پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ بغیر وجوہات کے جاری کیا گیا، عدالت نے وہ فیصلہ دیا جس کی درخواست گزار نے استدعا ہی نہیں کی تھی، درخواست گزار صرف اپنے گھر کے سامنے تعمیراتی کام رکوانا چاہتے تھے۔
عدالت نے استفسار کیا بی آر ٹی منصوبے کی ابتدائی لاگت کتنی تھی ؟ تکمیل کی ابتدائی تاریخ کیا تھی، منصوبہ کب مکمل ہوگا، بتایا جائے۔ جس پر وکیل کے پی حکومت نے کہا 31 جولائی 2020 تک بی آر ٹی پشاور منصوبہ مکمل ہو جائے گا۔ عدالت نے خیبر پختونخوا حکومت کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔
خیال رہے پشاور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو پشاور میٹرو بس منصوبے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔