اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے پرعزم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب کے زیر صدارت کارکردگی جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب میں جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو زیرو کرپشن اور 100 فیصد ترقی پر یقین رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب نے بدعنوانی کی حکمت عملی تشکیل دیتے ہوئے جدید فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے۔ نیب کے مقدمات میں سزا کی شرح 70 فیصد ہے۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب سارک اینٹی کرپشن فورم کا چیئرمین ہے جو کہ اس کی شاندار کارکردگی کا اعتراف ہے۔ نیب بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیب نے بدعنوان عناصر سے 153 ارب روپے برآمد جبکہ اپنے قیام سے لے کر اب تک 328 ارب روپے وصول کئے ہیں۔