رنگ روڈ میں 62 ارب روپے کی مبینہ کرپشن، چیئر مین نیب کا نوٹس

Last Updated On 25 December,2019 09:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئر مین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے لاہور رنگ روڈ میں 62 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کا نوٹس لے لیا۔

 

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے دور حکومت کے ایک اور بڑے منصوبے لاہور رنگ روڈ میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا۔

 

سپیشل آڈٹ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 59 ارب 39کروڑ 94لاکھ روپے سے زائد کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

ترجمان نیب کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے رنگ روڈ منصوبے میں مبینہ کرپشن کا نوٹس لیا ہے۔ چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب لاہورکو رنگ روڈ میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

دوسری طرف نیب کا بی آر ٹی پشاور کے حوالے سے کہنا ہے کہ بی آر ٹی پشاور کیس پرسپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے لہٰذا عدالتی احکامات کی روشنی میں کیس کی جاری انکوائری مکمل کریں گے۔

اس سے قبل چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ 27ماہ میں بدعنوان عناصر سے قوم کے 153 ارب روپے برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے۔ ایک منزل کا تعین کیا ہے جس کا مقصد بدعنوان عناصر، اشتہاری اور مفرور ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے فیس نہیں بلکہ کیس دیکھنے اور احتساب سب کے لئے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے، 630 ملزمان کو گرفتار کرنے کے علاوہ تقریباً 600 بدعنوانی کے ریفرنسز احتساب عدالتوں میں جمع کرائے، اسکے علاوہ نیب کے اس وقت 25 احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 1261 ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے نہیں، ہمارا تعلق صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے، نیب کا مقصد ملک و قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی ہے۔