اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب کارکردگی بہتر کرنے کیلئے جدید خطوط پر تربیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے، افسران کی پیشہ ورانہ تربیت کیلئے جامع پلان تشکیل دے دیا، تمام علاقائی بیوروز میں ٹریننگ سنٹرز قائم کر دئیے گئے ہیں۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب کی کارکردگی کے جائزہ کیلئے اجلاس نیب ہیڈ کوارٹرز میں ہوا، اس موقع پر چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو کو ملک سے انسداد بدعنوانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، نیب بدعنوانی کے خاتمے اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکاونٹس کے معاملات جنرل فنانشل رولز، ایف آر، ایس آر، ڈیجیٹل فرانزک اور فنگر پرنٹ کے تجزیے سے متعلق ریفرشر اور کیپیسٹی بلڈنگ کورسز وضع کئیے گئے ہیں۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو انسانی وسائل کی ترقی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، نیب اپنی افرادی قوت کو بر قرار رکھنے اور اس میں بہتری کے لئے تربیت کو فوقیت دیتا ہے، نیب ملک سے بد عنوا نی اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے پر عزم ہے۔