لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب نے ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مثبت سوچ کے حامل منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، وہ حکومت سے اتحاد ختم نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ چودھری برادران بھی اتحاد قائم رکھنے کی ہی بات کر رہے ہیں۔ شجاعت حسین نے کن کو فسادی کہا؟ اس کا جواب وہ ہی دے سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم اور بی این پی مینگل سے بھی حکومتی مذاکراتی ٹیم کے رابطے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت آئینی مدت پوری کریگی۔ حکومتی مذاکراتی ٹیم نے ق لیگ کے تحفظات بارے بھرپور مشاورت کی ہے۔ انشاء اللہ جلد ان کے تحفظات کا معاملہ حل ہو جائے گا۔
گورنر پنجاب نے بتایا کہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے دنیا بھر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے تصاویری نمائش منعقد کی جائے گی۔ نریندر مودی کا زوال شروع ہو چکا ہے، وہ اپنے انجام کو ضرور پہنچے گا۔