لاہور: (دنیا نیوز) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کے دورہ آزاد کشمیر کے بعد ان کے خطاب کے خوب چرچے ہیں۔ وزیراعظم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے کچھ تصویریں شئیر کی گئی جو مل کر ایک بینر کی صورت بتاتی ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں انصاف کیوں خاموش ہے؟
کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے پانچ اگست دو ہزار انیس کے بھارتی اقدام کے بعد دنیا بھر میں وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ خوب لڑا۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے پلیٹ فارم سے لے کر بیرونی دنیا کے رہنماؤں سے ملاقاتوں اور ٹی وی انٹرویوز تک، ایک لفظ جو وزیراعظم عمران خان نہیں بھولے تو وہ تھا ‘’کشمیر اور کشمیریوں کے خلاف جاری بدترین کرفیو اور لاک ڈاؤن’’۔
پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کے سفیر بن کر آزاد کشمیر پہنچے اور بڑی وضاحت کے ساتھ بھارتی مظالم دنیا کے سامنے عیاں کئے۔
شرکا سے خطاب کے دوران لی جانے والی کچھ تصویریں وزیراعظم عمران خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے کلاج کی صورت شئیر کی گئیں۔
تصویروں کے مجموعے میں عمران خان جارحانہ انداز میں للکارتے نظر آ رہے ہیں۔ ان کے عقب میں لکھا ہے کہ ‘’کشمیر میں انصاف کیوں خاموش ہے؟’’
تصویر کے زیریں حصے پر عمران خان کی تقریر کا ہی ایک حوالے بھی درج ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ‘’میرے کشمیری عوام! میں نے دنیا میں آپ کا سفیر بننے کا وعدہ کیا، میں یہاں پاکستان کے وزیراعظم کی حیثیت سے نہیں بلکہ کشمیر کے سفیر کی حیثیت سے کھڑا ہوں’’۔