پاکستان کو دانستہ معاشی دیوالیہ پن کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، شہباز شریف کا الزام

Last Updated On 12 February,2020 06:48 pm

لندن‎: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے معاشی خطرات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‎پاکستان کو دانستہ معاشی دیوالیہ پن کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

میاں شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معیشت کی تباہی سے پاکستان کی سالمیت اندر سے کھوکھلی ہو رہی ہے۔ ‎صحت مند ہوتی اور دوڑتی معیشت کو کرپٹ ٹولے نے تباہ کر دیا ہے۔

‎قائد حزب اختلاف نے کہا کہ سود کی شرح اور بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھا کر عوام کا معاشی قتل عام کیا گیا۔ 11000 ارب قرض ملک کو معاشی بیڑیوں میں جکڑنے کے لئے لیا گیا، جس کا قوم کو فائدے کے بجائے نقصان ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام، تاجر اور سیاستدان معیشت بچانے کے لئے متحد اور تیار ہو جائیں۔ عوام اور ملک کا معاشی قتل مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت معیشت کی گاڑی کو اندھے ڈرائیور کی طرح ریورس میں چلا رہی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس چوروں کی پناہ گاہ اور ملک کو عوام کی معاشی قتل گاہ میں بدل دیا گیا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ آٹا اور چینی چور وزیراعظم عمران خان کی سرپرستی میں محفوظ جبکہ بے قصور تاجروں کو جیلوں میں بند کیا جا رہا ہے۔