ق لیگ کا بلدیاتی انتخابات کیلئے میدان میں نکلنے کا فیصلہ، تنظیموں کو ہدایات جاری

Last Updated On 13 February,2020 03:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ق نے بلدیاتی انتخابات کی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ چودھری پرویز الٰہی آج سرگودھا سے انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق بھرپور انداز سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی، عوامی مسائل کے حل میں بلدیاتی اداروں کا اہم کردار ہے، ہمیشہ بلدیاتی اداروں کو مضبوط، فعال اور با اختیار بنانے کی بات کی ہے، بلدیاتی ادارے عوام کے مسائل کو نچلی سطح پر حل کرنے میں کردا ر ادا کرتے ہیں۔

پرویز الہی نے کہا کہ مضبوط بلدیاتی ادارے نچلی سطح پر کئی بحران اور مسائل ختم کرسکتے ہیں، مصنوعی مہنگائی کے خلاف بھی بلدیاتی اداروں کے ذریعے احسن انداز سے نمٹا جاسکتا ہے، قومی سطح پر ملک کو جن مسائل کا سامنا ہے سیاسی قوتوں کو اس کے لئے اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
 

Advertisement